نئی دہلی میں طالبعلموں پر پولیس کا تشدد، نصیر الدین شاہ بھی بول پڑے

ممبئی (شوبز ڈیسک) نئی دہلی میں ہونے والے پولیس کی جانب سے طالبعلموں پر کی جانے والی لاٹھی چارج پر بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ بھی بول پڑے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے طلبہ کے احتجاج پر ایک جذباتی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے طلبہ پر لاٹھی چارج کرنے والی دہلی پولیس کے اہلکاروں کا موازنہ امریکی آئی سی ای ایجنٹس سے کیا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک جاہل اس ملک کی رہنمائی کرے تو اس کا دل یہ ہی چاہے گا کہ پورا ملک اسی کی طرح جاہل ہو، ناسمجھ، ناقابل اور بے رحم بنے۔
ان کاکہنا تھا کہ میں طالب علموں سے کہتا ہوں ہمت نہ ہاریں، بہت سے لوگوں کی ہمدردی آپ کے ساتھ ہے، آپ لوگ اپنی لڑائی لرتے رہیں سب آپ کے ساتھ ہیں اور میں اس ملک کی حکومت کو صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ سب یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میرا دل بھی بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول بھی رہا ہوں، یہ دیکھ کر کہ ہمارے بچوں کے ساتھ کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، ان غنڈوں کے ہاتھ سے جو مجھے امریکا کے آئی سی ای کی یاد دلاتے ہیں، ہاتھ میں ڈنڈا لیا منہ پر نقاب لگائے، کبھی اپنے بچو ں کے بارے میں بھی سوچا کرو اور یہ بھی سوچو تمہارا انجام تمہیں بھی ایک دن ملے گا۔



