پاکستان

سندھ طاس معاہدے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا: بلاول بھٹو

گلگت بلتستان (کھوج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، دریائے سندھ کے دفاع ہر صورت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں وزیر اعلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے مسلم لیگ کے نمائندوں نے ہماری حمایت کی، ہم مل کر اس خطے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج تک ذوالفقار علی بھٹو کو یاد کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی، گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بھی جنگ میں ناکامی کے بعد ایران میں اندرونی خلفشار کی ناکام کوشش کی، دریائے سندھ کا دفاع کریں گے اور اس کے لیے جنگ بھی لڑنا پڑی تو لڑیں گے، سندھ طاس معاہدے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان سے جنگ میں شکست کے بعد اب اسرائیل ماڈل اپنالیا ہے، لیکن مودی سن لو، یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم جانتے ہیں کہ بھارت افغانستان کے ذریعے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کیا کرنا چاہتا ہے ، وہی سازش آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، لیکن اسے ناکام بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے فارمنگ کی جاسکتی ہے، جو وفاق میں ہمیں مل کر کام کرنا ہے وہ ہم کریں گے، یہ آپ کی اپنی زمین ہے، آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ اس زمین کا کیا کرنا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہیکہ ایسا معاشی ماحول بنائیں گیکہ یہاں کے لوگوں کو روزگار ملے، سب سے زیادہ میرٹ یہاں گلگت بلتستان میں موجود ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دلوائیں گے، میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب قومی اسمبلی میں ان کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزا کشمیر کا نمائندہ بیٹھا ہو، چاہے اسے رکن قومی اسمبلی کا نام نہ دیں ، سفیرکا نام دے دیں لیکن چاہتے ہیں کہ وہ وفاقی حکومت کا حصہ بنیں ، حق ملکیت کا جو پیپلزپارٹی نے وعدہ کیا ہے، اس وعدے پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست جھگڑے اور دشمنی کا دوسرا نام ہے، لیکن جی بی میں حکومت جیتنے والے اور ہارنے والے کی بھی ہے، کسی جماعت کو فرق محسوس نہیں ہونے دیں گے، سب گلگت بلتستان کے ہیں، سردیوں سے پہلے ہم گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button