فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشتگردوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد(کھوج نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشتگردوں کے لئے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے پیغام دیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو پوری قوت سے کچل دیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورس میں تینوں مسلح افواج کے افسران شریک تھے، فیلڈ مارشل نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالی جبکہ مسلح افواج کی صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہے، پراکسی عناصر کوپاکستان کے امن و خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگزاجازت نہیں دیں گے، افواج قوم کی حمایت کے ساتھ ان پراکسی عناصر کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی جبکہ دہشتگرد وں کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ این ڈی یو جیسے ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے آراستہ کررہے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔



