شوٹنگ میں کبھی ایسا کردار ادا نہیں کیا جس سے والدین کو شرمندگی ہو: حنا طارق

لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ حنا طارق نے دعویٰ کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران کبھی بھی ایسا کردار ادا نہیں کیا جسے سے والدین سمیت دیگر میرے مداحوں کو شرمندگی کا سامنا ہو سکے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حنا طارق کا کہنا تھا کہ ایک اداکار کی زندگی صرف شوبز کی زندگی ہی نہیں ہوتی بلکہ اس کی اپنی ایک ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے اور جلد ہو یا دیر ، ہر ادکار کو ایک نہ ایک دن کسی سے شادی کرنی ہوتی ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہاگرچہ ہماری شوبز انڈسٹری میں عام طور پر زیادہ بولڈ مناظر دکھائے بھی نہیں جاتے لیکن پھر بھی میں اس حوالے سے بہت محتاط رہتی ہوں اور جو چیز مجھے کردار کے حوالے سے نہیں سمجھ آتی اس کے لیے میں ڈائریکٹر کو انکار کردیتی ہوں۔ حنا طارق کا کہنا تھا کہ میں اپنے لباس کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کرکرتی ہوں، اسی طرح شوٹنگ کے دوران بھی ایسے مناظر کو ترجیح دیتی ہوں جو میرے والدین بھی آرام سے بیٹھ کر دیکھ سکیں ۔ اداکارہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں کام کے دوران بھی اس نقطہ نظر کو اپنے ذہن میں رکھتی ہوں کیونکہ ایک عورت پورے معاشرے کو چلاتی ہے، 3 نسلیں ایک عورت پر منحصر ہوتی ہیں، اس لیے میں اپنا ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتی ہوں۔



