ڈھاکا ٹیسٹ، بنگال ٹائیگرز کی شاہینوں کو بڑی شکست

ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک) بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان ڈھاکا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں کو عبرتناک شکست دے کر سیریز میں 1-0سے برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دے دی۔ 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ قومی ٹیم 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ3 رنز پر گری، پاکستان کو دوسرا نقصان اذان اویس کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں شان مسعود 2، عبداللہ فضل 66 اور سلمان آغا 26، سعود شکیل 15، حسان خان 12، حسن علی ایک جب کہ نعمان علی چار رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
میرپور میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلادیش نے کھیل کے پانچویں روز اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔ بنگلادیش کی دوسری اننگز میں کپتان نجم الحسن شنتو 87 اور مومن الحق 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے 3، 3، شاہین آفریدی نے 2 اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نعمان علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں۔



