کھیل

فیفا ورلڈ کپ 2026 ٹرافی کی قیمت کیا ہے اور یہ کس سے بنی ہے؟

امریکا (سپورٹس ڈیسک) دنیا کی 48ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا فیفا ورلڈ کپ 2026ء ٹرافی کی قیمت کیا ہے اور یہ کس سے بنی ہے؟ اس حوالے سے حیران کن تفصیل سامنے آگئی۔

انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب فیفا ورلڈکپ میں جو ٹرافی استعمال کی جاتی ہے وہ 1974ء کے ورلڈکپ کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی۔ اٹلی کے ڈیزائنر Silvio Gazzanigaنے اسے تیار کیا۔ یہ ٹرافی 2038ء کے ٹورنامنٹ تک ٹیموں کو دی جائے گی اور اس کے بعد نیا ڈیزائن متعارف کرایا جائے گا۔ پہلے تو ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم اصلی ٹرافی کو اپنے ساتھ لے جاتی تھیں مگر اب فیفا کی جانب سے فاتح ٹیم کو کانسی سے بنی گولڈ پلیٹڈ نقل دی جاتی ہے۔ اصلی ٹرافی فیفا کے ورلڈ فٹبال میوزیم میں رہتی ہے اور خصوصی مواقعوں پر ہی اسے باہر نکالا جاتا ہے۔ اس ٹرافی کو چھونے کی اجازت بھی بہت کم افراد کو حاصل ہے۔ یہ ٹرافی 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے جس کا وزن 6 کلوگرام ہے اور 75 فیصد حصہ سونے پر مشتمل ہے۔ اس ٹرافی میں 2 انسان دنیا کو اٹھائے ہوئے نظر آتے ہیں اور جب اسے تیار کیا گیا تو اس کی لاگت 50 ہزار ڈالرز کے قریب تھی مگر موجودہ عہد میں یہ 2 سے 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز (5 ارب 5 کروڑ سے 6 ارب 37 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) مالیت کی ہے۔ درحقیقت یہ دنیائے کھیل کی سب سے مہنگی ٹرافی ہے جس کی قیمت کا مقابلہ کوئی اور ٹرافی نہیں کرسکتی۔

واضح رہے کہ 1930ء سے 2022ء یعنی 92 سال کے دوران 22 بار ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد ہوا اور 8 ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا، جن میں برازیل (5 بار) ، جرمنی (4 بار) ، اٹلی (4 بار) ، ارجنٹینا (3 بار) ، فرانس (2 بار) ، یورو گوئے (2 بار) ، انگلینڈ (ایک بار) اور اسپین (ایک بار) شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کو جیتنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی کا انعام دیا جاتا ہے جس کی تاریخ بھی اس ایونٹ جتنی پرانی ہے۔

1930ء سے 1938ء کے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیموں کو جو ٹرافی دی گئی اسے فرانس کے ڈیزائنر Abel Lafleurنے ڈیزائن کیا تھا جسے چاندی سے تیار کیا گیا مگر وہ گولڈ پلیٹڈ تھی۔ اس زمانے میں ٹرافی کو ایک یونانی دیوی کے نام پر وکٹری کہا جاتا تھا مگر پھر اس کا نام فیفا کے تیسرے صدر Jules Rimetپر رکھ دیا گیا جن کی جانب سے ورلڈکپ کا خیال پیش کیا گیا تھا۔ 1938ء کے بعد دوسری جنگ عظیم کے باعث 12 سال تک عالمی ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوا اور 1950، 1954، 1958 اور 1962 میں Jules Rimet ٹرافی ٹیموں نے جیتی مگر برطانیہ میں ہونے والے 1966ء کے ورلڈکپ کے آغاز سے قبل اس ٹرافی کو ایک عوامی نمائش کے دوران چوری کرلیا گیا جس کو بعد میں ڈھونڈ لیا گیا مگر پھر اس کی ایک نقل ضرور تیار کی گئی۔1970 ء میں آخری بار اسے برازیل کو مستقل طور پر دیا گیا مگر 1983ء میں ایک بار پھر اصلی Jules Rimet ٹرافی کو چرا لیا گیا جو پھر کبھی نہیں مل سکی جس کے باعث برازیل کو اس کی نقل دی گئی جو اب اسی کے پاس ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button