ایف آئی ایچ پرو لیگ ، بھارت کیخلاف میچ کے آغاز پر ہی پاکستان کا غلط پرچم پیش
بین الاقوامی سطح کے ایونٹ میں شریک ممالک کے قومی پرچم اور قومی شناخت کے حوالے سے ایسی غلطیاں ناقابلِ قبول ہیں، میچ سے قبل پروٹوکول اور انتظامات کی جانچ کے باوجود یہ سنگین غلطی کیسے نظرانداز ہوئی

لندن (سپورٹس ڈیسک) ایف آئی ایچ پرو لیگ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ کے آغاز پر ہی پاکستان کا غلط پرچم پیش کر دیا گیا جو سوشل میڈیا پر زیر بحث بنا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاک بھارت میچ کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی غفلت کے باعث دونوں ٹیموں کے قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا غلط پرچم پیش کیا گیا۔ بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی جھنڈے سے سفید رنگ غائب تھا۔ واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ایف آئی ایچ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پاکستانی فینز نے اسے قومی پرچم کی غلط نمائندگی قرار دیتے ہوئے منتظمین سے وضاحت اور معذرت کا مطالبہ کیا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح کے ایونٹ میں شریک ممالک کے قومی پرچم اور قومی شناخت کے حوالے سے ایسی غلطیاں ناقابلِ قبول ہیں۔ کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ میچ سے قبل پروٹوکول اور انتظامات کی جانچ کے باوجود یہ سنگین غلطی کیسے نظرانداز ہوئی۔



