پاکستان سپورٹس بورڈ میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپورٹس بورڈ میں 15سال سے اکائونٹس کا آڈٹ نہ ہونے کی وجہ سے کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں ہونے کا انکشاف منظر عام پر آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل پاکستان نے اپنی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں پی ایس بی کے مالی معاملات میں متعدد سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے مالی سال 2009-10 سے 2024-25 تک مالیاتی گوشوارے تیار نہیں کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس بی نے ٹریژری سنگل اکاؤنٹ قوانین پر عملدرآمد بھی نہیں کیا، پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کی شق کے تحت تمام سرکاری رقوم کو ٹریژری سنگل اکاؤنٹ میں رکھنا لازم ہے تاہم پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایک الگ بینک اکاؤنٹ برقرار رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 30 جون 2025 تک پی ایس بی کے بینک اکاؤنٹ میں 3 کروڑ 20 لاکھ 90 ہزار 591 روپے موجود تھے۔



