اے آئی روبوٹس کا کمال، بہترین ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کو شکست دیدی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) آر ٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی ) کے روبوٹس کا کمال، بہترین ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کو مختلف میچز میں شکست دے دی جبکہ اس روبوٹس کی مختلف خامیاں بھی سامنے آئی ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایس نامی روبوٹیک سسٹم کو سونی اے آئی نے تیار کیا جس نے ایک بہترین کھلاڑی کے خلاف 5 میں سے 3 میچوں کو اپنے نام کیا مگر 2 پروفیشنل کھلاڑیوں کے سامنے اسے ناکامی کا سامنا ہوا۔ اس پیشرفت کو اس لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ٹیبل ٹینس کے کھیل میں برق رفتاری سے ردعمل ظاہر کرنا ہوتا ہے اور کھیلنے کے لیے مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ مسابقتی اصولوں کے تحت ہونے والے ان میچز میں ایس نے مشکل شاٹس کو مہارت سے مکمل کیا جبکہ برق رفتاری سے حرکت کرتے ہوئے ایسے بیک اسپن شاٹ کو کھیلا جسے ایک پروفیشنل کھلاڑی نے ناممکن قرار دیا۔
اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے ماہرین نے بتایا کہ ایس کی صلاحیت مزید بہتر ہوئی ہے اور وہ بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیل کر کامیاب ہو رہا ہے۔ اس سے قبل محققین کی جانب سے شطرنج یا دیگر بورڈ گیمز میں روبوٹس کو آزمایا تھا جن میں پیچیدہ صورتحال میں فیصلے کرنا ہوتے ہیں مگر اب ایک روبوٹ کو دنیا کے تیز ترین کھیلوں میں سے ایک کا حصہ بنایا گیا جس میں برق رفتاری سے حرکت کرتے ہوئے فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔



