کونسے موبائل فونز پر واٹس ایپ کا استعمال جلد ممکن نہیں ہوگا؟

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایسے کونسے موبائل فونز ہیں جن پر واٹس ایپ کا استعمال جلدممکن نہیں ہوگا؟ اس حوالے سے میٹا نے تمام تر تفصیلات بتا کر صارفین کو بڑا جھٹکا دے دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم ورژنز پر چلنے والے اسمارٹ فونز میں یکم جنوری سے واٹس ایپ تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔ واٹس ایپ کی جانب سے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا جاتا ہے، جس کے لیے ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو ایپل اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹمز سے مطابقت رکھتے ہوں۔
یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے سپورٹ اکثر ختم کر دی جاتی ہے۔ میٹا کی جانب سے زیادہ جدید فیچرز بشمول آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز پر کام کیا جا رہا ہے جن کے لیے زیادہ جدید ہارڈ وئیر کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کی جانب سے 8 ستمبر 2026 سے اینڈرائیڈ 6 سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ لاکھوں پرانے اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ تک رسائی ختم ہو جائے گی۔



