ایلون مسک نے ٹوئٹر یعنی ایکس صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) ایلون مسک نے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر یعنی ایکس استعمال کرنے والے صارفین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے سب کو حیران و دنگ کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق کمپنی نے بتایا ہے کہ اب ایسے صارفین کو پیسے کمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا جو نئے خیالات، مہارت، رپورٹنگ، تخلیقی مواد اور کمیونٹی کو ایکس میں لائیں گے۔ کمپنی نے بتایا کہ ایکس میں ابھی موجود بہترین مواد کو ری شیئرنگ سے نہیں روکا جائے گا بلکہ اب نئے مواد کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ ابھی متعدد افراد دیگر صارفین کے مواد کے اسکرین شاٹس کو شیئر کرکے یا ری اپ لوڈ کرکے پیسے کما لیتے ہیں۔ دیگر پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب میں ایسے مواد پر پیسے نہیں دیے جاتے جو چوری کرکے اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔ ایکس کی جانب سے اب اس خامی کو دور کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر تک برقرار رہے گا جس کے بعد نئے پروگرام کا اطلاق 8 ستمبر سے ہوگا۔ نئے پروگرام کا حصہ بننے کی کچھ شرائط پرانے پروگرام جیسی ہی ہوں گی، یعنی ایکس کے کسی سبسکرائبر پروگرام کا حصہ ہونا ضروری ہوگا مگر کچھ نئی شرائط کو بھی پورا کرنا ہوگا جیسے آپ کے فالوورز میں کم از کم 500 ویریفائیڈ صارفین کا ہونا ضروری ہوگا۔ اسی طرح اس صارف کو گزشتہ 90 دن کے اندر کم از کم 5 لاکھ ہوم ٹائم امپریشنز کو یقینی بنانا ہوگا۔



