بچے کا نان نفقہ ختم کرنے کی اپیل، ہائیکورٹ کا فیصلہ آگیا

لاہور(کھوج نیوز) معاہدے کی بنیاد پر بچے کا نان نفقہ ختم کرنے کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلہ سنا دیا گیا ہے، ہائیکورٹ نے کیا فیصلہ سنایا؟ تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست پر تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے معاہدے کی بنیاد پر بچے کا نان نفقہ ختم کرنے سے متعلق باپ کی اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ، فیملی کورٹ اور اپیلٹ کورٹ کے فیصلے برقرار رکھے ہیں۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خاتون نے 2019 میں بچے کے نان نفقے کا دعوی دائر کیا جس میں درخواست گزار نے مقف اختیار کیا کہ معاہدے کے باوجود دعوی دائر کرنا غیر قانونی ہے تاہم عدالت نے قرار دیا کہ مالی تنگی بھی باپ کی نان نفقے کی ذمے داری ختم نہیں کرسکتی اور نابالغ بچے کا نان نفقہ باپ پر مستقل جاری رہنے والا فریضہ ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق فریقین کی شادی 2002 میں ہوئی تھی جب کہ 2005 میں طلاق ہوگئی، طلاق کے بعد خاندان کے بڑوں نے دونوں فریقین کے درمیان ایک معاہدہ کروایا جس کے تحت شوہر بچے کے نان نفقے کے حوالے سے 60 ہزار روپے ادا کرے گا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسی نجی معاہدے یا رضامندی نامے کے ذریعے نابالغ بچے کا نان نفقے کا حق ختم نہیں کیا جاسکتا۔



