چین میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، سینکڑوں سانپ اور مگرمچھ شہری آبادی میں داخل

چین (مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جبکہ دوسری طرف سیلاب کے باعث سینکڑوں سانپ اور مگرمچھ بہہ کر شہری آبادی میں پہنچ گئے ہیں ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق چین میں طوفان میساک نے تباہی مچائی ہوئی ہے، کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث مختلف حادثات بھی رونما ہوئے اور کئی ہلاکتیں ہوئیں۔ جنوبی چین کے شہر ہینگژو میں بارش اور سیلاب کی تباہی کے ساتھ ساتھ لوگوں میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث کئی فارمز کی حفاظتی دیواریں گرگئیں جس کے باعث 900 کے قریب سانپ فرار ہوگئے جن میں سے کئی آبادیوں میں گھس گئے جب کہ کئی مگر مچھ بھی سیلابی پانی میں تیرتے ہوئے نظر آئے۔ رپورٹس کے مطابق سیلاب میں بہہ جانے والے سانپوں میں سے زیادہ تر زہریلے ہیں جب کہ سانپوں نے کئی شہریوں کو کاٹا ہے جن میں سے اب تک ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز بھی وائرل ہورہی ہیں جن میں سانپ کو نہ صرف سیلابی پانی بلکہ لوگوں کے گھروں میں بھی دیکھا گیا ہے جب کہ مگر مچھ سمیت بڑی تعداد میں بطخیں بھی پانی میں بہتی دیکھی جاسکتی ہیں۔



