روس نے یوکرین اور برطانیہ کو خطرناک نتائج کی دھمکی لگا دی

روس (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے یوکرین اور برطانیہ کو خطرناک نتائج کی دھمکی لگاتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی گئی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے بتایا ہے کہ یہ انتباہ برطانیہ کے لیے روس کی جانب سے اب تک کی سب سے سخت وارننگ سمجھی جا رہی ہے۔ ماریہ زاخارووا نے واضح کیا کہ برطانیہ روسی شہریوں کے خلاف ہونے والی اس دہشت گردی میں قانونی طور پر شریکِ جرم ہونے سے محض ایک قدم کی دوری پر ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر برطانیہ نے اپنا طرز عمل تبدیل نہ کیا تو اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بارہا خبردار کیا ہے کہ برطانوی ہتھیاروں کے استعمال سے روسی سرزمین پر یوکرینی حملوں کے جواب میں، یوکرین اور اس کی سرحدوں کے باہر موجود کسی بھی برطانوی فوجی تنصیب اور سازوسامان کو ہدف بنایا جا سکتا ہے۔ ماریہ زاخارووا نے مزید کہا ہمارا مشورہ ہے کہ برطانوی قیادت ایک بار پھر صورتحال کا بغور جائزہ لے اور فوری طور پر فیصلہ کن اور غیر مبہم انداز میں اپنی اس مخالفانہ اور جارحانہ پالیسی کو ترک کر دے، جو تنازع کو ایک بالکل نئی اور خطرناک سطح پر لے جانے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔



