ایران، امریکا جنگ بندی، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ امید ہے کہ جاری بات چیت دیرپا امن میں تبدیل ہو گی اور امن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کی قیادت ہماری دعوت پر اسلام آباد آئی، 1979 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ دونوں ممالک کی اعلی قیادت ایک ساتھ بیٹھی۔وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ فیلڈ مارشل نے فریقین کو ایک میز پر بٹھایا اور ان کی کوششیں اب بھی جاری ہیں جبکہ اسحاق ڈار اس دوران دونوں ممالک کی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا میں امن کے لیے پاکستان نے اپنا بھرپور کردار کیا اور اب بھی کر رہا ہے، امید ہے کہ جاری بات چیت دیرپا امن میں تبدیل ہو گی، خطے میں امن ہوگا اور مزید جانیں ضائع نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امن بات چیت میں بھر پور کردار ادا کیا، امن کے لیے پاکستان کا کردار مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔



