کور کمانڈر کانفرنس، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ

راولپنڈی (کھوج نیوز) کور کمانڈر کانفرنس، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کردیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 276 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔ کورکمانڈرز کانفرنس کے مطابق خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پربھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی، فورم نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ آبادیاتی تبدیلی کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس کی بھی مذمت کی۔ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا گیا، شرکا کا کہنا تھا خطے میں حقیقی اور پائیدارامن واستحکام کا انحصارکشمیری عوام کوحقِ خودارادیت دینے پر ہے، کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دیا جائے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے مطابق جائز پانی کے حصے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعا گریز نہیں کریں گے، شرکا کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایت اس بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ کانفرنس نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں کے مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر منصوبہ بندی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ فورم کے مطابق معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دشمن چاہتا ہے کسی طرح ہائبرڈ وار فیئر اور جھوٹے بیانیوں سے بے امنی پھیلائی جائے، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔



