مشرقی ہمسایہ ملک دہشتگردوں کو اسلحہ، مالی معاونت فراہم کر رہا ہے: شہباز شریف

کوئٹہ(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور یہ دہشتگردوں کو اسلحہ، مالی معاونت بھی فراہم کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات رونما ہوئے جن کے نتیجے میں پولیس، پاک فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کارروائیوں میں54دہشتگردوں کو جہنم واصل کیاگیا، آخری فسادی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اور ریاست ان عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت متحد اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے، اور دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوئی شک نہیں دہشتگردی کے اس فتنے میں پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک کا بھرپور کردار ہے، مشرقی ہمسایہ ملک دہشتگردوں کو اسلحہ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کر رہا ہے، دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حملے کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کے افسروں، جوانوں نے لازوال قربانیاں دیں، پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔



