افسران کی ملی بھگت ، قبضہ مافیا سے ہزاروں کنال سرکاری اراضی واگزار
اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے مانسہرہ میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب سے زائد مالیت کی 2529کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی

مانسہرہ(کھوج نیوز) اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے مانسہرہ میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب 38 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 2529 کنال اور 8 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرالی۔
یہ کاررروائی وزیراعلی کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی کو ماہانہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی عوامی شکایات کے بعد عمل میں آئی۔ شکایات میں انکشاف کیا گیا کہ سرکاری زمین پر قبضے ہو رہے ہیں۔مصدق عباسی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ کو انکوائری کی ہدایت دی، جس میں حیران کن طور پر انکشاف ہوا کہ ریونیو افسران اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے قیمتی سرکاری زمینیں غیر قانونی طور پر مختلف افراد کو منتقل کی جا رہی تھیں۔
اینٹی کرپشن کی بروقت مداخلت سے زمین کی غیرقانونی منتقلی روک دی گئی اور 2529 کنال سے زائد اراضی دوبارہ صوبائی حکومت کے نام منتقل کر دی گئی۔