ریاست کو زمین کی خریداری پر مناسب معاوضہ دینا ہوگا: سپریم کورٹ

اسلام آباد(کھوج نیوز) ریاست کے سرکاری ریٹ پر زمین خریدنے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے حکمنامہ جاری کیا کہ ریاست کو زمین کی خریداری پر مناسب معاوضہ دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے صوابی میں اراضی کیس میں اپنا فیصلہ جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ زمین کی اصل مارکیٹ ویلیو کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے، صرف سرکاری ریٹ پر زمین کا معاوضہ مقرر نہیں کیا جاسکتا۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ منصفانہ معاوضہ ہر متاثرہ شہری کا آئینی حق ہے، ریاست عوامی مفاد میں زمین حاصل کرسکتی ہے، مگرمناسب معاوضہ دینا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ اراضی کے معاوضے کااصول ”سونے کے بدلے سونا ہونا چاہیے تانبہ نہیں”، زمین کی مستقبل کی اہمیت بھی معاوضے کے تعین میں شامل ہوگی جبکہ اراضی کے حصول میں تاخیرسے قیمتوں میں اضافے کو بھی دیکھا جائیگا۔



