فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، مصری کوچ نے گرائونڈ میں فلسطینی جھنڈا لہرا دیا

ڈیلاس (سپورٹس ڈیسک) مصری کوچ حسام حسن نے آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے اظہار کے لئے گرائونڈ میں فلسطینی جھنڈا لہرا دیا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق مصری کوچ کی اسٹیڈیم میں فلسطین کا پرچم لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا سے اہم مقابلے سے قبل پریس کانفرنس میں مصری فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے فلسطین کا پرچم لہرانے کے عمل کا بھرپور دفاع کیا اور فلسطینی عوام کی حالتِ زار پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص فلسطینی عوام کی تکلیف اور مصیبت کو محسوس نہیں کرتا، وہ انسان نہیں اور انسانیت کے حقیقی جذبے سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کھلے آسمان تلے اور خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جہاں انہیں زندگی کے ہر پہلو میں شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا ہے، یہ ہم سب کے لیے شرم کی بات ہے کہ ایک پوری قوم کو ایسے کٹھن حالات میں تنہا چھوڑ دیا گیا ہے، یہ ہم سب کے لیے شرمندگی کی بات ہے، صرف عرب دنیا کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے باعث شرمندگی ہے،سب سے بڑھ کر ان فیصلہ سازوں کے لیے شرمندگی کا باعث ہے جو انسانوں کو اس حالت میں اکیلا چھوڑ دیتے ہیں۔
حسام حسن نے کہا کہ فلسطینی عوام جن حالات سے گزر رہے ہیں، ان پر خاموش رہنا ممکن نہیں، اسی لیے انہوں نے فلسطینی پرچم لہرا کر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، ہزاروں بچوں اور خواتین کا قتل انتہائی دردناک ہے، وہاں بیماریوں، خوراک کی شدید قلت، سخت موسمی حالات اور ختم نہ ہونے والی انسانی تکالیف نے صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔دنیا میں کہیں بھی، چاہے یورپ ہو یا امریکا اگر کسی جانور کو نقصان پہنچایا جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ جانوروں کے حقوق کا دفاع کیا جاتا ہے اور پوری دنیا ردِعمل ظاہر کرتی ہے، لیکن اب یہ معمول بنتا جا رہا ہے کہ ایک میزائل حملے میں دو یا تین ہزار افراد کے مارے جانیکی خبریں سنائی دیتی ہیں۔



