این سی سی آئی اے کی کارروائی، محمدرضوان اور امام الحق طلب

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے قومی کرکٹر محمد رضوان اور امام الحق کو کیوں طلب کیا؟ اس حوالے سے تمام تفصیل سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے کرکٹرز کے موبائل رکھ کر انہیں متعلقہ اداروں کوبھیج دیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ این سی سی آئی اے نے امام الحق اور محمد رضوان کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں کرکٹرز کو طلب کیا گیا ہے۔ امام الحق اور محمد رضوان کے علاوہ ایک اور کرکٹرکو بھی این سی سی آئی اے نے نوٹس جاری کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کھلاڑیوں کے موبائل سے حاصل معلومات کی تفتیش کرے گی جب کہ کرکٹرز کے موبائل کیوں رکھے گئے پی سی بی نے اس کی تاحال کوئی وجہ نہیں بتائی۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ دونوں کھلاڑیوں کو نوٹس پیر کو جاری کیے گئے جس میں انہیں جمعہ کو این سی سی آئی لاہور طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں کرکٹرز سے ان کے موبائل فون ان لاک کرائے جائیں گے اور ان سے انگلینڈ سیریزکے دوران ڈریسنگ روم لیکز سے متعلق انوسٹی گیشن کی جائیگی۔



