گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کو بڑا دھچکا دے دیا

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کو بڑا دھچکا دے دیا ہے، گوگل انتظامیہ کی جانب سے اب کونسا نیا اعلان کیا گیا؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 7 جولائی سے گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ بیک اپ کے تمام ڈیٹا کو بھی گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔اب تک گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج میں گوگل فوٹوز کی میڈیا فائلز، گوگل ڈرائیو فائلز اور جی میل کی ای میلز کو شامل کیا جاتا تھا مگر اب ہر طرح کے اینڈرائیڈ بیک اپ ڈیٹا کو بھی گوگل اسٹوریج کا حصہ مانا جائیگا۔ کمپنی کے مطابق اس کا اطلاق نئے اینڈرائیڈ صارفین پر فوری طور پر کیا جا رہا ہے جبکہ موجودہ صارفین کے لیے ایسا آنے والے مہینوں میں ہوگا۔
گوگل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینڈرائیڈ بیک اپ میں آپ کے فون کا ڈیٹا گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ ہوتا ہے تاکہ اسے آسانی سے ری اسٹور کیا جاسکے یا کسی نئی ڈیوائس کے سیٹ اپ کے دوران مسائل کا سامنا نہ ہو۔ ترجمان کے مطابق ہم نے اپنی پالیسی کو اپ ڈیٹ کیا ہے اور اب تمام اینڈرائیڈ بیک اپ ڈیٹا گوگل اکاؤنٹ اسٹوریج کا حصہ مانا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے خیال میں اوسطا 40 ایم بی اسٹوریج اس مقصد کے لیے استعمال ہوگی جبکہ صارفین کو زیادہ کنٹرول بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ خود تعین کرسکیں کہ کونسا ڈیٹا اور ایپس کے بیک اپ کو محفوظ کرنا چاہیے۔



