صبا حمید سے ازدواجی تعلق ختم کیوں ہوا؟ وسیم عباس سچ سامنے لے آئے

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان کی ورسٹائل اداکارہ صبا حمید سے ازدواجی تعلق کیسے اور کیوں ختم ہوا؟ اس حوالے سے سینئر اداکار وسیم عباس نے سچائی بیان کر کے سب کو دنگ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار وسیم عباس نے کہا کہ میری اور صبا کی شادی 29 برس چلی جس کے بعد ہم نے باہمی رضامندی سے طلاق کا فیصلہ کیا، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں کہ وہ خوش رہیں۔ وسیم عباس نے کہا کہ ضروری نہیں ہوتا کہ جب کوئی رشتہ ختم ہو تو اس میں ایک سچا اور ایک جھوٹا ہو، بعض اوقات یوں بھی ہوتا ہے کہ دونوں اپنی اپنی جگہ سچے ہوتے ہیں اور دونوں کے پاس اپنی اپنی وجوہات ہوتی ہیں جو صحیح ہوتی ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ انسان کرخت سی زندگی گزارے، صحیح وقت پر راہیں جدا کرلینی چاہئیں، عزت آبرو سے الگ ہوجانے میں کوئی برائی نہیں ہے، ہمارے بچے تو تھے نہیں، میری پہلی شادی سے چار اور صبا کے پہلی شادی سے دو بچے تھے، ہم نے شادی کے وقت فیصلہ کیا تھا کہ ہمیں آپس میں بچے نہیں چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میری صبا سے کوئی ناراضی نہیں ہے، اب بھی ہم کہیں ملتے ہیں تو خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوتی ہے اور کوئی ہمیں اگر ڈرامے میں کاسٹ کرے گا تو ہم کام کریں گے۔



