چین کا ٹیکنالوجی کی دنیا میں نیا شاہکار، سب کوپیچھے چھوڑ دیا

چین (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے ایک بار پھر ٹیکنالوجی کی دنیا میں نیا شاہکار بنا ڈالا ہے جس نے ناصرف سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے بلکہ ایسا کارنامہ کیا ہے کہ سب حیران و دنگ رہ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق چین کی برین کو نامی کمپنی نے بتایا ہے کہ اس نے دنیا کا پہلا ایسا سسٹم تیار کیا ہے جو برین ٹو روبوٹ انٹرفیس ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اس کی مدد سے روبوٹس کو صرف خیالات سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ کمپی نے بتایا کہ یہ سسٹم ای ای جی ہیڈ سیٹس کے ذریعے کام کرتا ہے جن کو انسانی آپریٹرز پہنتے ہیں اور اپنی دماغی سرگرمیوں کو روبوٹس کو ہدایات دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح کی دیگر ڈیوائسز کی طرح یہ نئی ٹیکنالوجی بہت زیادہ ٹریننگ ڈیٹا پر مبنی ہے جو مخصوص دماغی سرگرمیوں پر کام کرتی ہے۔
برین کو نے بتایا کہ روبوٹس کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ اس سسٹم کو روبوٹیک بازو اور دیگر ڈیوائسز سے بھی منسلک کیا جاسکتا ہے۔ یہ سسٹم ڈیٹا بھی اکٹھا کرتا ہے جس کو الگورتھمز کو مزید بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اے آئی کے شعبے میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے جس سے روبوٹس کافی کچھ خود کرنے کے قابل ہوتے جا رہے ہیں۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) الگورتھمز کے ذریعے درست خیال سے درست ایکشن کو دریافت کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اسے برین کنٹرولڈ روبوٹ اے آئی پلیٹ فارم کا نام دیا گیا ہے اور اسے شنگھائی میں ورلڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔



